گنڈی پیٹ کے نزد نائیٹ سفاری پارک کے قیام کا اعلان

سنگاپور کے طرز پر ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجکٹ ہارسین کمپنی کو ذمہ داری دی گئی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے مضافاتی علاقے گنڈی پیٹ میں عنقریب نائیٹ سفاری پارک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جیسا کہ اس خصوص میں میونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ( ایم اے اینڈ یو ڈی ) کے وزیر کے راما راؤ نے سنگاپور کی کمپنی برنارڈ ہاری سن اینڈ فرینڈس لمٹیڈ کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تاکہ گنڈی پیٹ کے کوتوال گوڑہ میں نائیٹ سفاری پارک کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔ مذکورہ پراجکٹ کے لیے منصوبہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) نے بنایا ہے جس کے تحت 50 ہیکڑ اراضی پر نائیٹ سفاری پارک قائم کیاجائے گا ۔ صحافتی بیان کے بموجب ہارسین کمپنی وہ کمپنی ہے جو کہ سنگاپور میں 50 ہیکڑ اراضی پر نائٹ سفاری پارک تیار کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر کے ٹی آر نے مذکورہ کمپنی کے حکام سے کوتوال گوڑہ کی اراضی کے متعلق رپورٹ طلب کی کہ آیا اس اراضی پر مجوزہ پارک کا قیام ممکن ہے ۔ جس پر ہارسین کمپنی کی ٹیم نے مذکورہ اراضی کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی اطمینان بخش رپورٹ دی ہے اور کہا ہے کہ مجوزہ اراضی نائیٹ سفاری پارک کے قیام کے لیے موزوں ہے اور ستمبر تک ڈیزائن تیار ہوجائے گا ۔