گنٹور کو آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی بنانے کی تجویز

نئی دہلی۔/27اگسٹ، ( پی ٹی آئی) تشکیل تلنگانہ کیلئے تقسیم کے بعد باقی بچ جانے والی ریاست آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کے طور پر ضلع گنٹور ایک ترجیحی مقام ہوسکتا ہے۔ آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کیلئے مناسب مقام کی سفارش کے مقصد سے تشکیل شدہ ماہرین کی ایک کمیٹی نے اپنی رپورٹ آج مرکزی وزارت داخلہ کو پیش کردی۔ سابق مرکزی معتمد شہری ترقیات کے سیوا راما کرشنن کی قیادت میں یہ پانچ رکنی کمیٹی نے سمجھا جاتا ہے کہ دیگر دو مقامات کے علاوہ گنٹور کو ایک مناسب ترجیحی مقام کے طور پر تجویزکیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اس کمیٹی نے اگرچہ نئی راجدھانی کے طور پر باضابطہ طور پر کوئی ایک مخصوص مقام تجویز نہیں کیا ہے بلکہ اس مقصد کیلئے چند امکانات ظاہر کئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ کمیٹی نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ بجز سکریٹریٹ اسٹاف ریاستی حکومت کے دیگر دفاتر کم سے کم چار دوسرے مقامات تک قائم کئے جائیں اور انہیں یکساں طور پر فروغ دیا جائے۔
حیدرآباد جو تلنگانہ کا دارالحکومت ہے آئندہ دس سال تک دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت رہے گا، اس مدت کے دوران آندھرا پردیش اپنی نئی راجدھانی تعمیر کرلے گا۔

ایر پورٹ کیلئے بورڈ ڈائرکٹرس کا تقرر
حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے شمس آباد میں واقع راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ بورڈ کے لئے آج اپنے دو ڈائرکٹرس مقرر کئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکام کے مطابق وی ناگی ریڈی پرنسپال سکریٹری محکمہ فینانس اور کے پردیپ چندرا پرنسپال سکریٹری محکمہ صنعت کو بورڈ ڈائرکٹرس مقرر کیا گیا ہے۔