صدر پردیش کانگریس رگھو ویرا ریڈی کا بیان ۔ ریاست میں کانگریس میں جان ڈالنے کی کوشش
امراوتی 3 جون ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور اترپردیش کے چیف منسٹر اکھیلیش یادو اور کئی دوسرے قائدین کل گنٹور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرینگے تاکہ تلگودیشم اور بی جے پی کا پردہ فاش کیا جاسکے ۔ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھو ویرار یڈی نے کہا کہ راہول گاندھی ‘ اکھیلیش یادو ‘ جنتادل یو کے لیڈر شرد یادو ‘ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی ‘ سکریٹری ڈی راجہ جیسے قومی قائدین اور دوسری جماعتوں جیسے ترنمول کانگریس کے قائدین بھی اس جلسہ عام میں شرکت کرینگے ۔ رگھو ویرا ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی نے ریاست کیلئے خصوصی زمرہ کے موقف کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کم از کم دس سال کیلئے یہ موقف دیا جائیگا لیکن ان دونوں ہی جماعتوں نے اس مسئلہ پر اپنے موقف کو تبدیل کرلیا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس کو عوام پر ظاہر کیا جاسکے اور عوام میں یہ اعتماد پیدا کیا جاسکے کہ خصوصی زمرہ کے مسئلہ پر ہم عوام کے ساتھ ہیں۔ یہ جلسہ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے جسے خصوصی زمرہ کے مسئلہ پر اعتماد سازی کے اجلاس سے تعبیر کیا جا رہا ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ ریاست میں پارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کے طور پر یہ جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے ۔ 2014 کے انتخابات میں کانگریس کو ریاست کے عوام نے پوری طرح مسترد کردیا تھا اور تقسیم ریاست کیلئے مورد الزام ٹہرایا تھا ۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں کانگریس کا ایک بھی رکن نہیں ہے ۔ 2014 کے بعد سے راہول گاندھی کا یہ دوسرا دورہ آندھرا پردیش ہوگا ۔ انہوں نے 2015 میں کسانوں کی ایک ریلی میں شرکت کیلئے اننت پور کا دورہ کیا تھا لیکن یہ دورہ کارکرد ثابت نہیں ہوسکا تھا ۔ پردیش کانگریس کے سیکریٹری اور سابق وزیر ایس شیلجا ناتھ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے خود کو فوجداری مقدمات سے بچانے کیلئے ریاست کے مفادات کو مرکز کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔ اسی لئے خصوصی موقف کے مسئلہ پر وہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ معاشی پیکج بہت بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل گنٹور میں منعقد ہونے والے جلسے میں کئی قومی قائدین آندھرا پردیش کے کاز کیلئے اپنی تائید کا اعلان کرینگے ۔