حیدرآباد۔/25فبروری، ( پی ٹی آئی) ریاست آندھرا پردیش کے اضلاع گنٹور اور پرکاشم میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ نیشنل جیوفزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این جی آر آئی ) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آج صبح 6بجکر 9منٹ پر محسو س کئے گئے۔ ریختر پیمانے پر اس کی شدت 4بتائی گئی جبکہ اس کا مبدا اوسنگول سے قریب ضلع پرکاشم میں تھا۔ بتایا گیا کہ زلزلے کے جھٹکے مبدا سے 60تا70 کلو میٹر کے فاصلے تک محسوس کئے گئے۔ چیف سائنٹسٹ این جی آر آئی مسٹر آر کے چڈھا نے بتایا کہ یہ ہلکا شدت کا زلزلہ تھا جبکہ اس سے کوئی تشویش کی بات نہیں ۔ بتایا گیا کہ زلزلے کے جھٹکے پانچ سیکنڈ تک جاری رہے اور جانی یا مالی نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔