حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں واقع قیمتی درختوں صندل کی لکڑی کے سرقہ کی واردات کے بعد سیکوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیمس نے گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں دن رات سیکوریٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ریاستی حکومت کو پیش کردہ ایک تجویز میں کہا گیا ہے کہ گنبدان قطب شاہی میں خصوصی پروٹکشن فورس کے عملہ کو تعینات کرنے زائد فنڈ الاٹ کیا جائے لہذا اب یہاں ایک سب انسپکٹر اور 9 کانسٹبلس کے ساتھ دن رات سیکوریٹی انجام دی جائے گی ۔ قطب شاہی گنبدان میں پانچ دن قبل 10 صندل کی لکڑی کے درختوں کو کاٹ کر سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ایک ٹیم دن میں نگرانی کرے گی دوسری ٹیم رات کو پہرا دے گی۔ تقریباً 100 ایکڑ پر پھیلے ہوئے گنبدان قطب شاہی میں قیمتی درختوں کے علاوہ دیگر قیمتی اشیاء پائے جاتے ہیں۔ یہاں رات کے اوقات میں روشنی کا بھی معقول انتظام کیا جارہا ہے۔
تلنگانہ میں گرمی کی لہر برقرار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، کریم نگر ، میدک ، نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم میں آئندہ 24 گھنٹوں کے درمیان گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ کھمم ، ورنگل اور کریم نگر میں کئی مقامات پر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ چھتیس گڑھ سے تلنگانہ کی جانب گرم لو چل رہی ہے ۔ جنوبی ساحلی آندھرا پردیش بھی اس گرم لو کا شکار ہے ۔ تلنگانہ کے بعض مقامات پر 40 تا 45 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے ۔ ہفتہ کے دن راما کنڈم میں 46 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔