گناہوں سے توبہ و استغفار کے ذریعہ ہی اللہ کی رضا کا حصول ممکن

بارانِ رحمت کیلئے صلوٰۃ الاستسقاء و شکرانہ کی ادائیگی، رقت انگیز دعائیں، گناہوں سے بچنے کی تلقین، علماء کرام کا خطاب

حیدرآباد 6 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف مقامات پر آج مختلف تنظیموں کی جانب سے صلوٰۃ الاستسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ ملک بھر میں ناکافی بارش اور کمزور مانسون کے سبب عوام کی ابتر حالت کو دیکھتے ہوئے مختلف تنظیموں نے آج اللہ تعالیٰ کے حضور دست بہ دعا ہوتے ہوئے گناہوں سے استغفار اور بارش کے لئے دعاؤں کا فیصلہ کیا تھا۔ عیدگاہ بلالی اے سی گارڈز میں جمعیت اہلحدیث کی جانب سے صلوٰۃ الاستسقاء کا اہتمام کیا گیا جہاں پر شیخ شفیق عالم خان جامعی ناظم حیدرآباد نے صلوٰۃ الاستسقاء کی امامت کی۔ عیدگاہ اُجالے شاہ میں مولانا محبوب شریف نظامی نے صلوٰۃ الاستسقاء کی امامت کے فرائض انجام دیئے جہاں جماعت اسلامی کی جانب سے نماز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اسی طرح عیدگاہ میرعالم میں مولانا تنویر احمد خدانمائی نے صلوٰۃ الاستسقاء کا اعلان کیا تھا لیکن بادل اور رات دیر گئے ہوئی بارش کے سبب استسقاء کے بجائے شکرانہ ادا کیا گیا۔ عیدگاہ بلالی اے سی گارڈز پر ہوئی نماز استسقاء سے قبل شیخ شفیق عالم خان جامعی نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ بارش کا نہ ہونا اور خشک سالی اور قحط کی صورتحال کے لئے انسان کے اعمال ذمہ دار ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے اِس موقع پر ایک حدیث کے حوالہ سے بتایا کہ جب انسان صدقات اور زکوٰۃ کے مال روک لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ آسمانوں میں بارش کو روک لیتے ہیں۔ مولانا شفیق عالم نے بتایا کہ اِس طرح کی صورتحال میں اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لئے صدقات و خیرات کریں اور عاجزی و انکساری کے ساتھ رجوع الی اللہ ہوتے ہوئے اپنے گناہوں سے معافی مانگیں تاکہ اللہ کی ناراضگی کو دور کیا جاسکے۔ اُنھوں نے توبہ و استغفار کی تلقین کرتے ہوئے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گناہوں کو یاد کرتے ہوئے توبہ و استغفار کریں۔ مولانا تنویر احمد خدانمائی نے عیدگاہ میر عالم میں نماز شکرانہ سے قبل اپنے مختصر خطاب کے دوران کہاکہ استسقاء کا معنی حق تعالیٰ سے پانی طلب کرنا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ بارش کا آغاز ہونے کے سبب نماز استسقاء کے بجائے نماز شکرانہ ادا کی جارہی ہے جوکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا طریقہ کار رہا ہے۔ اِس موقع پر اُنھوں نے رحمت والی بارش کے لئے خصوصی دعا کی۔ عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں مولانا سید شاہ داؤد مدنی خطیب و امام عیدگاہ مادنا پیٹ نے نماز استسقاء کے احکام پر روشنی ڈالی اور وہاں بھی نماز شکرانہ ادا کی گئی۔ عیدگاہ اُجائلے شاہ میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام منعقدہ صلوٰۃ الاستسقاء کے موقع پر مولانا محبوب شریف نظامی نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ گناہوں سے توبہ و استغفار کے ذریعہ ہی اللہ کی رضا کا حصول ممکن ہے۔ اُنھوں نے بارش کے نہ ہونے کی بنیادی وجہ گناہوں کی کثرت قرار دیتے ہوئے کہاکہ جب گناہ گار اپنے گناہوں پر نادم ہونا چھوڑ دیتے ہیں تو اِس طرح کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ اُنھوں نے اپنے خطاب کے دوران عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے مالک حقیقی کو راضی کرنے کے لئے نہ صرف گناہوں سے توبہ و استغفار کریں بلکہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے اللہ تعالیٰ کو خوش کریں تاکہ اللہ کی رحمتوں کا نزول ہم پر جاری رہے۔ اِس موقع پر مولانا نصیرالدین، حافظ رشادالدین، جناب محمد اظہرالدین، جناب خالد مبشر الظفر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ تمام مقامات پر عوام بالخصوص ضعیف، بزرگ اور بچوں کی بڑی تعداد صلوٰۃ الاستسقاء کے لئے پہونچی تھی۔ گزشتہ شب ہوئی موسلا دھار بارش پر تمام مقامات پر جہاں نماز کا اہتمام کیا گیا تھا ، شکرانہ بھی ادا کیا گیا۔