گناورم ایرپورٹ سے وجئے واڑہ بس اسٹانڈ بہتر

مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو کا طنزیہ ریمارک
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر شہری ہوا بازی مسٹر اشوک گجپتی راجو نے طنزیہ ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ گناورم ایرپورٹ سے وجئے واڑہ کا بس اسٹانڈ بہتر ہے ۔ تلنگانہ کے بشمول دوسری ریاستوں کی وجہ سے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کیا گناورم ایرپورٹ کے توسیعی کاموں کا آج مسٹر اشوک گجپتی راجو نے عوامی منتخب نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ گناورم ایرپورٹ پہونچکر عوامی مسائل اور مسافرین کو درکار سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت گناورم ایرپورٹ کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے طرز پر ترقی دینے کی خواہش مند ہے اور اس کے لیے عملی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی حکومت سے بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔ حکومت جتنی جلدی توسیعی کاموں کے لیے اراضی فراہم کرے گی اتنی جلدی ترقیاتی اقدامات کرتے ہوئے توسیعی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر نے گناورم ایرپورٹ پر بنیادی سہولتوں کے فقدان پر سخت ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تو وجئے واڑہ کا بس اسٹانڈ کئی گنا بہتر ہے ۔ جہاں پر عوام کو سہولتیں میسر ہیں ۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم مرکز میں بی جے پی کی حلیف ہے اور یو پی اے حکومت میں شامل ہے ۔ نئی ریاست آندھرا پردیش کو ترقی اور ایرپورٹس کو عصری سہولتوں سے لیس کرنے کے لیے صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی وزارت میں دو وزارتیں حاصل کی ہے ۔ مسٹر اشوک گجپتی راجو نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل نہ ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے ریاست تلنگانہ کے بشمول دوسری پڑوسی ریاستیں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں ۔۔