جئے پور ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ایک وزیر کے گمشدہ پالتو کتے کا پتہ چل جانے سے پولیس نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ ایک ایسے وقت جب شہر میں اجتماعی عصمت ریزی میں ملوث ملزمین کو گرفتار کرنے میں ناکام پولیس کو گمشدہ کتے کی تلاش کا کام کرنے پر زبردست تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ وزیر صحت راجندر راٹھوڑ کے مکان سے ہفتہ کے روز سے غائب پالتو کتے کی شکایت سوڈالا پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے فوری تلاشی کارروائی شروع کردی تھی ۔ دریں اثناء ایک مقامی شخص گمشدہ کتے کو لیکر آج صبح وزیر موصوف کی رہائش گاہ پہنچا اور وہاں اسٹاف کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ صبح کی چہل قدمی کے دوران اسے وہ کتا راستے میں ملا تھا ۔