گلی نلگنڈوی، حمایت اللہ اور دولت رام کو ایوارڈس

جشن تلنگانہ کی چار روزہ تقاریب کا اختتام، جناب سید عمر جلیل و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔/7جون، ( پریس نوٹ )ریاست تلنگانہ کے قیام کی پہلی سالگرہ کی مسرت میں محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام چار روزہ تقاریب آج اختتام کو پہنچیں۔ ان چار دنوں میں جملہ 11تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ غیرمتوقع بارش کے باعث قلی قطب شاہ اسٹیڈیم اور خلوت میدان میں مقرر چار پروگرام متاثر تو ہوئے جنہیں اردو اکیڈیمی کے زیراہتمام چلائے جانے والے اردو مسکن منتقل کیا گیا جہاں یہ تمام پروگرام منعقد ہوئے۔ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ جناب سید عمر جلیل نے جشن تلنگانہ کی چار روزہ تقاریب کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد واداروں، فنکاروں اور شاعروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس موقع پر اردو کے ممتاز مزاحیہ شاعر گلی نلگنڈوی کو بعد از مرگ اور جناب حمایت اللہ اور مزاحیہ فنکار دولت رام کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ایوارڈ پیش کئے جو 51ہزار روپئے پر مشتمل ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے ان تقاریب کو کامیاب بنانے پر تمام شاعروں اور فنکاروں کے علاوہ سامعین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آج شب قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں جو کل ہند مزاحیہ مشاعرہ مقرر تھا وہ شام سے ہونے والی بارش کے باعث اردو مسکن کے سالار ملت آڈیٹوریم میں منتقل کردیا گیا تھا۔ اس مزاحیہ مشاعرہ میں مہمان شاعر پاپولر میرٹھی ( میرٹھ )، سنیل کمار بنگ ( سیوان ) مختار یوسفی ( مہاراشٹرا ) سندر مالیگانوی ( مالیگاؤں )، سکندر حیات گڑبڑ ( روڑکی ) شاداب بے دھڑک مدراسی ( چینائی)، تمیز پرواز اور نشتر امروہوی کے علاوہ ڈاکٹر محمد علی رفعت، فرید سحر، سردار اثر، معین امر بمبو، وحید پاشاہ اور اضلاع تلنگانہ کے شاعر چچا پالموری ( محبوب نگر ) اقبال شانا بودھن ( نظام آباد ) ٹپیکل جگتیالی ( کریم نگر ) کملاکر دلیر ( بھینسہ عادل آباد ) اور شیخ احمد ضیاء ( نظام آباد) نے طنز و مزاح سے بھرپور کلام سناکر تالیوں کی گونج میں بے پناہ داد وصول کی۔ ناندیڑ مہاراشٹرا کے مشہور شاعر فیروز شہید نے لطیفوں اور مزاحیہ شاعری کے منتخب حصہ کو بڑے خوبصورت انداز میں سناکر اس مزاحیہ مشاعرہ میں جان ڈال دی۔ آج شب خلوت گراؤنڈ میں مقرر شب موسیقی کے پروگرام کو اردو مسکن کے ایر کنڈیشنڈ خواجہ شوق ہال میں منتقل کیا گیا جہاں شائقین کی کافی تعداد شریک محفل رہی۔ اس محفل میں شہر کے نامور فنکار خان اطہر، غفار تنویر، محمد عثمان، ضیاء الحسن، سبیکا روفی، دیپا دھر، مینادھر اور سیما نے فلمی گیت اور غزلیں ساز پر پیش کئے۔ جناب اسلم فرشوری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر، جنرل منیجر مائناریٹیز فینانس کارپوریشن جناب سید ولایت حسین بھی ان تقاریب میں موجود تھے۔