گلوبل ہاسپٹل میں قلب کی کامیاب پیوند کاری

حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) نوجوان وی کمار کی جانب سے عطیہ کردہ ایک زندہ قلب کو آج گلوبل ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے 15 سالہ لڑکی کو پیوند کاری کے ذریعہ کامیاب طور پر منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہیکہ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے 21 سالہ نوجوان وی کمار کی جانب سے عطیہ کردہ اس قلب کو اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز سے گلوبل ہاسپٹل لکڑی کا پل منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے گرین چینل ٹریفک کی سہولت فراہم کی تاکہ یہ قلب فوری طور پر مریضہ کے قلب سے تبدیل کیا جاسکے۔ 15 سالہ سوما اکانکشا کے قلب کی سرجری کی گئی اور انہیں نیا قلب لگایا گیا۔ گلوبل ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے ضلع عادل آباد سے تعلق رکھنے والی اس لڑکی کا کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ایک نئی زندگی عطا کی۔ اپولو ہاسپٹل سے گلوبل ہاسپٹل تک 8.7 کیلو میٹر کا راستہ صرف 11 منٹ میں طئے کیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے صبح 10 بجکر 52 سے 11 بجکر 3 منٹ کے درمیان قلب کی منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک کو روک دیا اور اس قلب کو وقت پر مریضہ تک پہنچایا گیا۔ عوام نے پولیس کی اس مستعدی کی ستائش کی۔