حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) انڈین کونسل آف فوڈ اینڈ اگریکلچر کے زیراہتمام آج دہلی میں 10 ویں گلوبل اگریکلچر لیڈرشپ سمیٹ 2017 کا انعقاد عمل میں آیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے غیاب میں وزیر زراعت تلنگانہ پوچارام سرینواس ریڈی اور ٹی آر ایس ایم پی جیتندر ریڈی نے باوقار ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ ایوارڈ گورنر ہریانہ پروفیسر کے ایس سولنکی اور ماہر زراعت ایم ایس سوامی ناتھن نے پیش کیا۔ کسانوں کی ترقی و بہبود کیلئے حکومت کی اسکیمات اور اصلاحات کا جائزہ لینے کے بعد انڈین کونسل آف فوڈ اینڈ اگریکلچر ادارے نے گلوبل اگریکلچر لیڈرشپ 2017 ایوارڈ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کو منتخب کیا تھا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد خطاب میں سرینواس ریڈی نے کہاکہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کافی اقدامات کئے گئے۔ آئندہ سال سے زراعت کا علیحدہ بجٹ پیش کیا جائیگا۔ 36 لاکھ کسانوں کے 17 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کئے گئے۔ مستقبل میں دیہی اور منڈل سطح کی کسان کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔ 15 ستمبر تا 15 ڈسمبر تک اراضی سروے کیا جارہا ہے۔