گلوبرینا کمپنی سے میرا کوئی تعلق نہیں: کے ٹی آر کی تردید

انٹر کے طلبہ کی خودکشی پر اظہار افسوس، لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کا یقین، کارگذار صدر ٹی آر ایس کا بیان

حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹرکے ٹی راما راؤ نے پارٹی کے یوم تاسیس کے دوسرے دن ٹوئیٹر کے ذریعہ راست عوام کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے اس بات کی تردید کی کہ گلوبرینا نامی کمپنی سے ان کا کوئی بھی تعلق ہے۔ مسٹر کے ٹی راماراؤ نے عوام کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والے ٹی آر ایس امیدواروں کے متعلق کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تمام امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعدیہ بات واضح ہوجائے گی کہ ملک میں کسی ایک سیاسی جماعت کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی ایک سیاسی جماعت کی جانب سے حکومت کی تشکیل کا دعوی کیا جاسکے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک کی علاقائی سیاسی جماعتوں کی اہمیت میں اضافہ ہوگا اور اس صورتحال میں تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے دعوے جھوٹے ہیں اور عوام کو اس طرح کے پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلہ کیلئے کوئی رقم جاری نہیں کی گئی ہے لیکن یہ دعوی کیا جا رہاہے کہ تلنگانہ اور حیدرآباد کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔کے ٹی راما راؤ نے اتوار کے دن ایک گھنٹے سے زائد عوام کے سوالات کے جواب دئیے اور اس دوران انہوں نے ریاست میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکام ہونے پر انتہائی اقدام کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ناکامی سے مایوسی نہیں ہونی چاہئے بلکہ حوصلہ میں اضافہ کے ساتھ جدوجہد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ گلوبرینا کمپنی سے ان کا کوئی راست یا بالواسطہ بھی تعلق نہیں ہے لیکن اس معاملہ میں انہیں گھسیٹتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔کے ٹی راما راؤ نے اس تبادلۂ خیال کے دوران بعض چٹکلے بھی سنائے اور جن سوالوں کے جواب انہیں نہیں دینے تھے ان سوالات کو مذاق میں لیتے ہوئے نظر انداز کردیا۔انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جھوٹے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں بلکہ ملک اور ریاست کو ترقی کی راہ پر رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔