گلزار کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا گیا

نئی دہلی ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نغمہ نگار و ہدایت کار گلزار کو آج 61 ویں نیشنل فلم ایوارڈس تقریب میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ پیش کیا ۔ 79 سالہ گلزار جب یہ ایوارڈ لینے شہ نشین پر آئے ، وگیان بھون میں موجود حاضرین نے کھڑے ہو کر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر موجود گلزار کی دختر میگھنا جذباتی ہوگئیں ۔ گلزار نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ زندگی میں ایسا موقعہ بہت کم آتا ہے کہ جو شخص الفاظ سے کھیلتا رہا اسے اظہار تشکر کے لیے صحیح الفاظ نہیں ملتے۔ صدر جمہوریہ نے انہیں سنہرے کنول کا بنا میڈل ، 10 لاکھ روپئے نقد اور شال پیش کی۔ وہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنے والی فلمی دنیا کی 45 ویں شخصیت ہیں ۔