گلبرگ سوسائٹی مقدمہ ، ایس آئی ٹی کو دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت

احمدآباد 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) 2002 ء گلبرگ سوسائٹی قتل عام مقدمہ کی سماعت کررہی خصوصی عدالت نے آج سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ نریندر مودی اور دیگر کے خلاف ذکیہ جعفری کی شکایت پر ایس آئی ٹی کی قطعی رپورٹ سے متعلق تمام دستاویزات اندرون 15 یوم پیش کرے۔ جج کے کے بھٹ نے آج یہ حکم جاری کیا۔ ایس آئی ٹی کی قطعی رپورٹ میں مودی کو کلین چٹ دی گئی جو اُس وقت چیف منسٹر گجرات تھے۔ نومبر 2011 ء میں گلبرگ سوسائٹی قتل عام میں بچ جانے والوں نے خصوصی عدالت سے ایس آئی ٹی کو یہ ہدایت دینے کی خواہش کی تھی کہ قطعی رپورٹ پیش کی جائے۔ بی جے دھندھا نے جو اُس وقت خصوصی عدالت کے جج تھے، ایس آئی ٹی کو مکمل رپورٹ اور ضخیم دستاویزات ذکیہ جعفری کی شکایت کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اِس شکایت میں نریندر مودی پر فسادات کیلئے حالات تیار کرنے اور اس کام میں سہولت پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے اپنی قطعی رپورٹ میں جو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کی گئی تھی، نریندر مودی کو کلین چٹ دی تھی۔