حیدرآباد۔ 11؍جنوری (پریس نوٹ) کرناٹک کے ریاستی وزیر جناب قمرالاسلام نے کہا کہ گلبرگہ میں مجرمین‘ سماج دشمن عناصر کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے‘ قوم دشمن عناصر کے لئے تو تدفین کے لئے تک قبرستان میں جگہ نہیں مل سکتی۔ جناب قمرالاسلام آج صبح یشودھا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ میں گلبرگہ کے سب انسپکٹر پولیس ملکارجن بنڈے کی عیادت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ سب انسپکٹر ملکارجن اور سب انسپکٹر مرلی 8جنوری کو پولیس کو مطلوب ایک روڈی شیٹر کے تعاقب کے بعد انکائونٹر میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ منا پولیس سے بچتا ہوا ایک گھر میں چھپ گیا تھا۔ پولیس نے گھر میں داخل ہوکر مکینوں کو باہر نکالا اور فائرنگ کی۔ منا کی فائرنگ میں ایک گولی سب انسپکٹر ملکارجن کے سر میں لگی‘ ایک گولی سب انسپکٹر مرلی کے پیٹ میں لگی۔
دونوں کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد لایا گیا تھا۔ سب انسپکٹر بنڈے کو یشودھا ہاسپٹل اور سب انسپکٹر مرلی کو گلوبل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ جناب قمرالاسلام نے پولیس کی جرأتمندی کی ستائش کی اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا کہ اِن کے علاج کے لئے حکومت کرناٹک ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔ ضرورت پڑنے پر بیرون ملک بھی علاج کروایا جائے گا۔ انہوں نے زخمی سب انسپکٹر کے ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس آزمائشی لمحات میں وہ اپنے آپ کو تنہا نہ محسوس کریں۔ اس موقع پر سب انسپکٹر بنڈے کی اہلیہ مدھو اپنے شیرخوار بچے سانی درشن کے علاوہ اپنے سسرالی رشتہ داروں کے ساتھ موجود تھیں۔ جناب قمرالاسلام نے مسز مدھو بنڈے کو دلاسہ دیا اور صبر و ہمت سے کام لینے کا مشورہ دیا۔