گلبرگہ ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز کانگریسی لیڈر مسٹر افضال محمود کے صحافتی بیان کے بموجب رکن اسمبلی گلبرگہ شمال محترمہ کنیز فاطمہ نے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد بنگلورو میں ریاستی وزیراقلیتی بہبود و حج جناب ضمیراحمد سے ملاقات کرکے گلبرگہ حج ہاؤز کی تعمیر کے ضمن میں ایک اہم یاداشت وزیرموصوف کو پیش کی۔ وزیرموصوف کو پیش کردہ یادداشت میں کہا گیا ہیکہ سابق وزیر کرناٹک برائے میونسپلٹیز و اقلیتی بہبود الحالج قمرالاسلام مرحوم کے دو وزارت میں کلبرگی (گلبرگہ) کے موضع ہاگرگہ میں 5 ایکڑ اراضی حج ہاؤز تعمیر کرنے کیلئے الاٹ کی گئی تھی تاکہ اضلاع گلبرگہ، بیدر، رائچور، کوپل اور بیجاپور کے عازمین حج کی ضروریات کو پورا کریا جاسکے کیونکہ ان اضلاع کے عازمین حج بذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ حج کیلئے پرواز کرتے ہیں۔ یادداشت میں وضاحت کی گئی ہیکہ گلبرگہ میں حج ہاؤز کی تعمیر کے مقصد سے الاٹ کردہ 5 ایکڑ اراضی اس وقت کرناٹک وقف بورڈ کی تحویل میں ہے۔ الحاج قمرالاسلام کی جانب سے گلبرگہ میں مذکورہ بالا 5 ایکڑ اراضی پر حج ہاؤز تعمیر کرنے کیلئے حکومت سے 10 کروڑ روپیوں کے فنڈس منظور کرنے کی درخواست پیش کی گئی تھی لیکن اس درخواست کو یہ کہتے ہوئے منظوری نہیں دی گئی کہ ابھی گلبرگہ کے گرین ایرپورٹ کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ہے۔ اب جبکہ گلبرگہ ایرپورٹ اپنی تعمیر کے بالکل آخری مراحل میں ہے اور دیڑھ ماہ میں اس کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے عہدیداران کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں جس کے سبب امید ہیکہ ایرپورٹ کی تعمیر چند ہی دنوں میں مکمل ہوجائے گی اور یہ ہوائی اڈہ طیاروں کی پرواز اور آمدورفت کے قابل ہوجائے گا۔ ان حقائق کی روشنی میں محترمہ کنیز فاطمہ نے وزیراقلیتی بہبود سے پرزور درخواست کی ہیکہ وہ چیف منسٹر سے گلبرگہ میں حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے درکار 10 کروڑ روپیوں کے فنڈس 2018-19ء کے بجٹ میں مختص کرنے کیلئے سفارش کریں۔ انہوں نے کہا ہیکہ گلبرگہ میں حج ہاؤز کی تعمیر سے علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے عازمین حج کیلئے بڑی سہولت ہوجائے گی۔ محترمہ کنیز فاطمہ کی جانب سے وزیراقلیتی بہبود جناب ضمیراحمد کو یادداشت کی پیشکشی کے وقت ممتاز کانگریسی قائد مسٹر فراز الاسلام اور محترمہ کنیز فاطمہ قمرالاسلام کے سکریٹری جناب محمد ابراہیم بھی موجود تھے۔