مکۃ المکرمہ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حج کے دوران آج منیٰ میں بھگدڑ کے باعث 717 حجاج کرام جاں بحق ہوگئے جبکہ 860 زخمی ہوئے ہیں۔ حج کے دوران گزشتہ 40 سال کے دوران پیش آئے سانحوں کی تفصیل اس طرح ہے :
2015 ء : 24 ستمبر کو منیٰ میں بھگدڑ کی وجہ سے 717 حجاج کرام بحق اور 860 سے زائد زخمی۔
11 ستمبر کو مسجد الحرام میں تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کے علاوہ بجلی کڑکنے کی وجہ سے کرین سانحہ پیش آیا جس میں 109 عازمین حج جاں بحق ہوگئے اور دیگر کئی زخمی ہوئے۔
2006 ء : 6 جنوری کو مکہ مکرمہ میں ایک ہوٹل کی عمارت منہدم ہونے سے 76 افراد جاں بحق ہوئے۔
12 جنوری : منیٰ میں رمی جمار کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے 364 حجاج کرام جاں بحق۔
2005 ء : 22 جنوری کو منیٰ میں رمی جمار کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے 3 حجاج کرام کی موت واقع ہوگئی۔
2004 ء : یکم ؍ فروری کو منیٰ میں بھگدڑ کے دوران 251 حجاج کرام جاں بحق ہوگئے۔
2003 ء : 11 فروری کو رمی جمار کے دوران پیش آئے سانحہ میں 14 حجاج کرام بشمول 6 خاتون حجاج جاں بحق ہوگئے۔
2001 ء : 5 مارچ کو منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران پیش آئے سانحہ میں 35 حجاج کرام بشمول 23 خواتین جاں بحق ہوگئے۔
1998 ء : 9 اپریل کو منیٰ میں بھگدڑ کی وجہ سے 118 جاں بحق اور 180 حجاج کرام زخمی ہوگئے۔
1997 ء : 15 اپریل کو وادیٔ منیٰ میں واقع ایک خیمہ میں گیس اسٹو سے آگ بھڑک اُٹھی اور اس نے اطراف کئی خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اِس سانحہ میں 343 حجاج کرام جاں بحق ہوئے اور تقریباً 1500 زخمی ہوئے۔
1995 ء : 7 مئی کو منیٰ کے خیمہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 99 زخمی ہوگئے۔
1994 ء : 24 مئی کو رمی جمار کے دوران بھگدڑ کے نتیجہ میں 270 حجاج کرام جاں بحق۔
1990 ء : 2 جولائی کو منیٰ میں واقع ایک ایک سرنگ میں ہوا کے اخراج کا نظام اچانک بند ہوجانے سے بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں 1426 حجاج کرام جاں بحق ہوگئے، ان میں اکثریت ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کی تھی۔
1989 ء : 10 جولائی کو مسجد الحرام کے بیرونی حصہ میں دو حملے ہوئے جس کے نتیجہ میں ایک جاں بحق اور دیگر 16 زخمی ہوئے۔ اِس واقعہ کے لئے کویت سے تعلق رکھنے والے 16 شیعہ افراد کو مجرم قرار دیا گیا اور بعدازاں اُنھیں سزائے موت دی گئی۔
1987 ء : 31 جولائی کو سعودی سکیوریٹی فورسیس نے ایرانی عازمین کے غیر مجاز احتجاج کو ناکام بنادیا۔ اِس میں 400 سے زائد عازمین بشمول 275 ایرانی ہلاک ہوگئے تھے۔
1979 ء : 20 نومبر کو سعودی شاہی حکومت کی مخالفت کرنے والے کئی بندوق بردار افراد نے مسجد الحرام میں داخل ہوکر کئی عازمین کو یرغمال بنالیا تھا۔ اس حملہ کو ناکام اور یرغمالیوں کو آزاد کرانے کی کوشش کے دوران 153 افراد ہلاک اور 560 زخمی ہوئے۔
1975 ء : ڈسمبر میں مکہ مکرمہ کے قریب واقع عازمین کے ایک کیمپ میں گیس کینسٹر دھماکہ سے پھٹ پڑا اور اس کے نتیجہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریباً 200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔