گزشتہ تین ماہ میں 116 کسانوں کی خودکشی

نئی دہلی ، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رواں سال ابھی تک زرعی وجوہات کے سبب 116 کسانوں نے خودکشی کرلی ہے، جن میں سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹرا کے ہیں، جس کے بعد پنجاب اور تلنگانہ کا نمبر ہے، پارلیمنٹ کو آج یہ اطلاع دی گئی۔ مملکتی وزیر زراعت موہن بھائی کنداریا کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کردہ مواد کے مطابق 2015ء میں کاشتکاری سے متعلق وجوہات کے سبب زائد از 2,000 کسانوں کی خودکشی کی رپورٹ ملی ، جن میں مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 1,841 معاملے درج ہوئے۔ وزیر موصوف نے ایوانِ زیریں کو تحریری جواب میں بتایا کہ محصلہ ڈاٹا کے مطابق اِس سال 29 فبروری تک مہاراشٹرا میں کسانوں کی خودکشی کے 57 معاملوں کی اطلاع ملی، جبکہ 11 مارچ تک پنجاب میں کاشتکاروں کی خودکشی کے 56 کیس درج ہوئے ۔ تلنگانہ میں تین معاملے سامنے آئے۔ حکومت نے فصلی سال کے خریف سیزن میں خشک سالی سے متاثرہ 10 ریاستوں کیلئے 12,733.34 کروڑ روپئے کا ریلیف پیاکیج منظور کیا ہے۔
مہمانوں کی شراب سے تواضع بہار کانگریس رکن اسمبلی کو مشکلات
پٹنہ ۔ 26 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بہار میں کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے اپنے مہمانوں کی شراب سے تواضع کی ہے ان کی اس مہمان نوازی کی اسٹنگ آپریشن کے ذریعہ فلمبندی کی گئی تھی جس کے بعد وہ مشکلات میں محصور ہوگئے ہیں۔ مغربی چمپارن ضلع میں نرکتی گنج سے تعلق رکھنے والے کانگریس رکن اسمبلی نے پٹنہ کی ہوٹل میں دعوت دی تھی جس کی خفیہ فلمبندی کی گئی جس میں ایم ایل نے مہمانوں کو شراب پیش کیا تھا ۔