گری راج سنگھ کی آج عدالت میں خودسپردگی

پٹنہ ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کی مخالفت کرنے والوں کو ہندوستان میں کوئی جگہ نہ ہونے کا اشتعال انگیز بیان دینے والے بی جے پی امیدوار گری راج سنگھ کل جھارکھنڈ یا بہار میں عدالت کے سامنے خودسپردگی کریں گے۔ ناوڈا سے مقابلہ کرنے والے گری راج سنگھ نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ بہار یا جھارکھنڈ میں کس مقام پر خودسپرد کرنے والے ہیں۔ ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کے متنازعہ بیان پر پولیس گرفتار کرنے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں کل عدالت کے سامنے حاضر ہوکر خود کو قانون کے حوالے کروں گا۔

میں قانون، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کا احترام کرتا ہوں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس عدالت میں خودسپرد ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اس کا انکشاف نہیں کریں گے کہ وہ کس عدالت میں حاضر ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی ایماء پر ان کے خلاف جھارکھنڈ میں دیوگڑ اور بوکورا میں دو ایف آئی آر درج ہیں جبکہ پٹنہ میں ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں دونوں ریاستوں میں انتخابی مہم سے بھی باز رکھا ہے۔ 18 اپریل کو انہوں نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ مودی کی مخالفت کررہے ہیں ان کیلئے ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہیں پاکستان جانا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مرکزی حکومت گوشت کی برآمدات پر سبسیڈی دے رہی ہے جبکہ گائے کی پرورش کرنے والوں پر ٹیکس نافذ کررہی ہے۔

تیسرا ایف آئی آر پٹنہ میں ایرپورٹ پولیس اسٹیشن پر درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے 20 اپریل کو بھی یہی ریمارک دہرایا تھا۔ پٹنہ ضلع نظم و نسق نے گری راج سنگھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن یہ مہلت ختم ہوگئی۔ سٹی پولیس نے اس بات کی توثیق کی ہیکہ پولیس ایک ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مرتبہ کے ایک عہدیدار کی قیادت میں جھارکھنڈ سے پٹنہ آرہی ہے تاکہ گری راج سنگھ کو گرفتار کیا جاسکے۔ پٹنہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جینت کانت نے کہا کہ ہم جھارکھنڈ پولیس کی ہر ممکنہ مدد کریں گے۔ گری راج سنگھ کو اس بات کا علم ہوگیا ہیکہ جھارکھنڈ کی پولیس ٹیم انہیں گرفتار کرنے کیلئے پٹنہ پہنچ رہی ہے۔