گریڈ I اردو آفیسرس کے انٹرویوز مکمل ،نتائج محفوظ

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں گریڈ اردو آفیسرس کی 6 جائیدادوں کیلئے انٹرویو کا عمل آج مکمل ہوگیا۔ تاہم ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق نتائج کو مہربند لفافہ میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد ہائیکورٹ کے جسٹس پی نوین راؤ نے 2 امیدواروں کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی تھی کہ وہ گریڈ I کے جاریہ انٹرویوز کو مکمل کرنے کے بعد نتائج کی اجرائی کو ایک ہفتہ تک روک دیں ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 10 جولائی کو مقرر ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ گریڈ I اردو آفیسرس کی 60 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور منتخب امیدوار اپنے متعلقہ ڈپارٹمنٹ میں رجوع ہوچکے ہیں۔ گریڈ I کے نتائج کا انحصار ہائی کورٹ کے فیصلہ پر ہوگا۔