گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کو طبی خدمات کیلئے موبائیل ویان کا عطیہ

حیدرآباد 17 فبروری ( سیاست نیوز ) روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے جموں و کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے متاثرین میں امدادی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک کیا جا رہا ہے ۔ روزنامہ سیاست ۔ فیض عام ٹرسٹ اور گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے ساری وادی میں متاثرین تک رسائی کو یقینی بنانے ڈاکٹروں کی مفت خدمات فراہم کرنے اور ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ میڈیکل اینڈ ریلیف پروگرام کے سلسلہ میں پیر کو ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاست ریلیف فنڈ ( حیدرآباد ) اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کو ایک موبائیل ویان کا عطیہ دیا گیا تاکہ ضرورت مند عوام تک اس کی طبی امداد پہونچائی جاسکے ۔ مینیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں نے رسمی طور پر یہ گاڑی ٹرسٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو پیش کی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب ظہیر الدین علی خاں نے گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کو تیقن دیا کہ وہ اس کے کام کام میں بہتری لانے ممکنہ سہولیات فراہم کرینگے ۔ مینیجنگ ایڈیٹر سیاست نے گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کو مشورہ دیا کہ وہ گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کی سہولت کیلئے ڈائیلاسیس مراکز قائم کرنے کے امکان پر غور کرے ۔ ڈاکٹر فاروق احمد کلو سی او او ٹرسٹ نے مستقبل کے منصوبوں کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ٹرسٹ کو سٹی سنٹر میں ایک دواخانہ اور ایک فارمیسی باقاعدہ بنیادوں پر قائم کرنے کیلئے جگہ دستیاب ہوگئی ہے ۔ یہاں سے غریبوں کو انتہائی مہینگے اور قابل ڈاکٹرس کی خدمات مفت میں حاصل کرنے کے علاوہ ادویات بھی مفت میں حاصل کرنے کی سہولت دستیاب رہے گی ۔ مشہور سماجی و امدادی کارکن سامعہ ڈرابو نے سیاست ریلیف فنڈ اور گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ میں اشتراک میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ وہ کناڈا میں رہنے والی کشمیری خاتون ہیں۔ وہ کشمیر کیلئے امدادی کاموں کو فروغ دینے میں سرگرم رہتی ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کی سرگرمیوں پر گذشتہ دو ماہ سے نظر رکھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اس طرح کی تنظیم کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں جس نے سیلاب کے بعد بہترین ریلیف خدمات انجام دی ہیں۔ جناب محمد صدیق صدر ایچ آر جی کے کمیونیکیشن پرائیوٹ لمیٹیڈ نے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے موبائیل ویان کیلئے مفت آلات فراہم کرنے پر جموں و کشمیر کے انتظامیہ سے بھی اظہار تشکر کیا ۔