گریٹر حیدرآباد کے شہریوں کو بلا وقفہ برقی اور پانی کی سربراہی کا جامع منصوبہ

ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل پر گامزن ، ایل بی نگر میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی انتخابی مہم
حیدرآباد۔29جنوری (سیاست نیوز)نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے شہر کے مختلف بلدی حلقہ جات میں تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے امیدواروں کی جاری انتخابی مہم میںشرکت کرتے ہوئے مقامی عوام سے ٹی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ بلدی حلقہ ایل بی نگر کے امیدوار ترمل ریڈی کی انتخابی ریالی کے دوران انہوںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے متعارف کروائے گئی فلاحی اسکیمات آج تمام ریاستوں کے لئے ایک مثال بن چکے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جس تیزی کے ساتھ ریاست تلنگانہ نے ترقی کی ہے اس کو دیکھ کر پڑوس کی ریاستوں میںبھی غریب اور پسماندگی کاشکار طبقات کے لئے نئی نئی فلاحی اسکیمات کا اعلان کیاجارہا ہے ۔انہوں نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے ذریعہ غریب لڑکیوں کی شادی کو یقینی بنانے کا جو کارنامہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائونے انجام دیا ہے اس کی ماضی میںنظیرنہیںملتی ۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ گریٹر حیدرآباد کے شہریوں کو بلاوقفہ برقی او رپانی کی سربراہی کا جامعہ منصوبے رکھتی ہے ۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے غریب عوام کے لئے ایک روپیہ کیلو کے حساب سے فی کس چھ کیلو معیاری چاول فراہم کیاجارہا ہے جبکہ رہائشی ہاسٹلس کے طلبہ کے لئے باریک چاول کی فراہمی کویقینی بناتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو ریاست کے طلبہ کے ساتھ اپنی اولاد جیسا سلوک کررہے ہیں۔ بعدازاں جناب محمد محمود علی نے حیات نگر منڈل کی قدیم قطب شاہی مساجد میں اروندیا کالونی ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ تاریخی قطب شاہی مسجد سے متصل اراضی پر ماضی کے حکمرانوں کی ایماء پرقبضے تھے جس کو برخواست کرتے ہوئے وقف اراضی کو وقف بورڈ نے اپنی تحویل میںلے لیا ہے ۔جناب محمد محمودعلی نے مزیدکہاکہ یہاں پر ایک دینی مدرسہ قائم کیاجائے گا جس میںدینی اور عصری مفت تعلیم کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔نماز جمعہ کے بعد مسجد صحیفہ کے مصلیوں سے بھی انہوں نے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آ رایس امیدوار کے حق میںاپنے ووٹ کے استعمال کی عوام سے اپیل کی ۔ بعدازاں اعظم فنکشن ہال میں ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے ٹی آ رایس پارٹی قائدین او رکارکنوں کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے ٹی آ رایس پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس چار تا پانچ بلدی حلقہ جات پر کامیاب ہوگی ۔جناب محمد محمودعلی نے اس موقع پر بتایا کے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی نصابی کتابوںمیں سرکار ؐ کی شان میں لکھے گئے گستاخانہ کلمات والی تمام کتابوں کو ضبط کرنے اور پبلیشر کوتحویل میںلینے کی کمشنر پولیس کو ہدایت دیدی گئی ہے ۔