گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس وزراء کو پروٹوکول کا پاس ولحاظ نہیں

چیف منسٹر کے سی آر کو خود کے اعلان پر یقین نہیں، گوپی ناتھ صدر تلگودیشم گریٹر حیدرآباد کا الزام
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ حیدرآباد میں کہیں بھی کوئی فلیکسیز دکھائی نہیں دینا چاہئے لیکن آج محض گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر شہر میں جہاں کہیں بھی نظر دوڑائیں گے وہاں پر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے فلیکیز ہی دکھائی دیں گے اور اس صورتحال پر صدر گریٹر تلگودیشم پارٹی مسٹر گوپی ناتھ نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں ٹی آر ایس وزراء پروٹوکول کا پاس و لحاظ نہیں کررہے ہیں اور 18 ماہ کے دوران موجودہ حکومت نے سلم علاقوں کی ترقی کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ڈرینج سسٹم مکمل طور پر ابتر ہوچکا ہے اور پینے کے پانی میں بھی زبردست آلودگی پائی جارہی ہے اور گریٹر حیدرآباد کی سڑکیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں۔ ہر جگہ گڑھے ہی گڑھے دکھائی دیں گے جس کے باعث شہر کے عوام کئی ایک مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس کیلئے موافق رہنے جیسے وارڈز کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے اور حکومت اپنی من مانی کررہی ہے۔ مسٹر گوپی ناتھ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں شہر کے عوام چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو بہتر و زبردست سبق سکھائیں۔