مختلف اسکیمات پر عمل آوری، سنگی ریڈی سرینواس ریڈی کا بیان
حیدرآباد /16 اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس قائد و سابق فلور لیڈر بلدیہ سنگی ریڈی سرینواس ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس کافی مستحکم ہے، لہذا جب بھی بلدی انتخابات ہوں گے ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ایک ڈپٹی چیف منسٹر (محمد محمود علی) کے بشمول تین وزراء موجود ہیں، جو عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، جب کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہر حیدرآباد کو استنبول کے طرز پر ترقی دینے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آسرا اسکیم کے تحت گریٹر حیدرآباد میں غریب عوام، بیواؤں، عمر رسیدہ افراد اور معذورین کو وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عوام کو طبی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹلس کے مسائل کی یکسوئی کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے پولیس، بلدیہ اور دیگر محکمہ جات کے درمیان رابطہ پیدا کرنے کا کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی دس ماہ کی کار کردگی سے عوام مطمئن ہیں، جس کے نتیجے میں عوام کی کثیر تعداد ٹی آر ایس کی رکنیت حاصل کر رہی ہے۔ انھوں نے شہر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مسائل ٹی آر ایس قائدین سے رجوع کرکے حل کرائیں۔