حمایت و عثمان ساگر ذخائر آب میں پانی کا ذخیرہ ، محکمہ موسمیات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں 62 فیصد اور رنگاریڈی میں 81 فیصد بارش ہونے کی محکمہ موسمیات نے توثیق کی ہے ۔ موسم برسات کے پہلے 27 دن کے دوران گریٹر حیدرآباد میں توقع سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ معمول کی بارش کے پیش نظر گذشتہ سال جون کے آواخر تک معمول سے صرف 5 فیصد زائد بارش حیدرآباد میں ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ ضلع رنگاریڈی میں 25 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔ جاریہ سال حیدرآباد میں معمول سے 62 فیصد اور ضلع رنگاریڈی میں 81 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں سب سے زیادہ 8 جون کو 8.7 سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ زیر آب علاقوں میں بارش کی وجہ سے پانی بہہ کر شہر کے دونوں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں جمع ہورہا ہے ۔ بارش کا سلسلہ جاری رہنے اور ذخیرہ آب میں پانی جمع ہونے سے زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے اور خشک ہوجانے والی باولیوں اور بورویلز میں دوبارہ پانی شروع ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دوسرے مقامات پر کہیں زیادہ کہیں کم بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔۔