گریٹر حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی

پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے 300 انجینئرس کی خدمات کے حصول کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے گریٹر حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے مزید چند انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر حیدرآباد کی ترقی کے معاملے میں کسی نوعیت کا سمجھوتہ کئے بغیر اقدامات کا ارادہ رکھنے والی حکومت تجویز کردہ پراجیکٹس کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے عاجلانہ تکمیل کیلئے اقدامات کریگی اور اسی کے حصہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد میں مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے مزید 300 انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے کا وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ اعلان کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدتی ، درمیانی مدتی انداز میں پراجیکٹس جس میں اسکائی ویز، موسی ترقیاتی پراجیکٹ، شہر حیدرآباد میں ڈبل بیڈروم جیسے انتہائی اہمیت کے حامل پراجیکٹس شامل ہیں، مکمل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے ان پراجیکٹس کو مکمل کرکے بڑے پیمانے پر انجینئرنگ اسٹاف کی ضرورت پڑنے اور ان پراجیکٹس کو اندرون دیڑھ سال اور دو سال کی مدت میں مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے اور 300 سیول انجینئرنگ گریجویشن کو نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن (NAC) کے ذریعہ مناسب تربیت دلواکر ان انجینئرس کی خدمات سے استفادہ کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور انجینئرس کے انتخاب کی مکمل ذمہ داری گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہی سونپی گئی ہے۔