ورنگل میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر درگاہ حضرات یوسفین ؒ پر محمد محمود علی کی حاضری کے بعد بیان
حیدرآباد۔26نومبر(سیاست نیوز)پارلیمانی حلقے ورنگل کے ضمنی انتخابات میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی خوشی میں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی کے ہمراہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں کی کثیرتعداد نے آج بارگاہ یوسفین ؒپر حاضری دیکر ریاست کی خوشحالی اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی درازی عمر کے لئے دعائیںکی ۔ قبل ازیں نائب محمد محمود علی نے بارگاہ یوسفین کی مسجد میںنماز عصر بھی ادا کیا ۔ رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم‘ سینئر ٹی آر ایس قائدین صوفی سلطان قادری‘ ظہور الدین یوسفی ‘اعظم علی خرم‘محمد شریف‘ محمد منیر‘رحیم اللہ خان نیازی ‘ ارشد علی خان‘سمیر یمنی‘مولانا محمد عثمان نقشبندی‘ او ردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی 18 ماہ کی بہتر کارکردگی کے نتیجے کی وجہہ سے ورنگل کی عوام نے بھاری اکثریت سے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کیاہے۔ جناب محمد محمود علی نے مجوزہ بلدی انتخابات میں بھی ٹی آر ایس پارٹی کی کامیابی کو یقینی قراردیا او رکہاکہ جس طرح ورنگل میں ٹی آر ایس پارٹی کے امیدوار کو بلا مقابلہ انتخاب عمل میںآیاہے اسی طرح بلدیہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میںبھی ٹی آ رایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلدیہ گریٹر حیدرآباد پر اپنا قبضہ جمائے گی او رمئیروڈپٹی مئیر بھی ٹی آرایس پارٹی کا ہی ہوگا۔انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کو پوری مستعدی کے ساتھ بلدی انتخابات کامقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقع پر درگاہ یوسفین کی متولی نئی کمیٹی او رمولانا محمد عثمان نقشبندی اور دیگر کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو د علی کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔