ششی دھر ریڈی ‘ ڈی ناگیندر ‘ مکیش گوڑ ‘ ہنمنت راؤ اور وشنو وردھن ریڈی کو شکست ‘ گوشہ محل سے راجہ سنگھ کامیاب
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 16 اسمبلی نشستوں میں 7 اسمبلی نشستوں پر مجلس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مجلس نے اپنی تمام سابقہ نشستوں پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔ حلقہ جات اسمبلی عنبرپیٹ گوشہ محل، خیریت آباد، مشیرآباد میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے جس سے شہر میں بی جے پی کے 4 ارکان اسمبلی کا اضافہ ہوا ہے۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز، صنعت نگر، سکندرآباد کنٹونمنٹ پر تلگودیشم نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ حلقہ اسمبلی سکندرآباد پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی امیدوار مسٹر پدما راؤ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ مجلس کی 7 اسمبلی نشستوں حلقہ اسمبلی چارمینار سے سید احمد پاشاہ قادری، یاقوت پورہ ممتاز احمد خان، چندرائن گٹہ اکبرالدین اویسی، ملک پیٹ احمد بلعلہ ، کاروان کوثر محی الدین، نامپلی جعفر حسین معراج اور بہادر پورہ سے معظم خان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد سے صدر مجلس اسدالدین اویسی نے بھاری اکثریت سے کامیابی درج کروائی ہے۔ جبکہ حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد سے بی جے پی امیدوار بنڈارو دتاتریہ نے اپنے قریبی حریف کانگریسی امیدوار انجن کمار یادو کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں کانگریس کا صفایا ہوچکا ہے۔ کانگریس کے دو اہم وزراء مسٹر مکیش گوڑ اور ڈی ناگیندر کے علاوہ نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ مسٹر ایم ششی دھر ریڈی اور اداکارہ جیہ سدھا بھی شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔ حلقہ اسمبلی مشیرآباد سے ڈاکٹر پی ونئے کمار کو شکست دے کر بی جے پی امیدوار ڈاکٹر کے لکشمن نے کامیابی حاصل کی ہے۔ حلقہ ملک پیٹ سے احمد بن عبداللہ بلعلہ نے بی جے پی امیدوار بی وینکٹ ریڈی کو تقریباً 24 ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے۔ عنبرپیٹ حلقہ اسمبلی پر ریاستی صدر بی جے پی مسٹر جی کشن ریڈی نے قبضہ برقرار رکھا ہے اور کانگریس امیدوار رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد بی جے پی امیدوار سی ایچ رامچندر ریڈی نے سابق وزیر ڈی ناگیندر کو شکست دی۔ جوبلی ہلز سے سابق رکن اسمبلی کانگریس مسٹر پی وشنو وردھن ریڈی کو تلگودیشم امیدوار مسٹر ایم گوپی ناتھ نے شکست سے دوچار کیا ہے۔ صنعت نگر سے تلگودیشم امیدوار سابق وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کانگریسی امیدوار ایم ششی دھر ریڈی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے۔ حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے ٹی راجہ سنگھ نے تقریباً 48 ہزار ووٹوں سے سابق وزیر ایم مکیش گوڑ کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ سکندرآباد حلقہ اسمبلی سے سابق رکن اسمبلی و ٹی آر ایس امیدوار مسٹر ٹی پدما راؤ نے کانگریس کی جیہ سدھا کو شکست دی۔ کنٹونمنٹ حلقہ اسمبلی سے تلگودیشم امیدوار مسٹر جی سائنا نے کامیابی حاصل کی۔ ضلع انتخابی عہدیدار کی جانب سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کی قطعی اکثریت جاری نہیں کی گئی۔ امکان ہے کہ کل دن میں تمام اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد کامیاب ہونے والے امیدواروں کی قطعی اکثریت جاری کی جائے گی۔ مجموعی اعتبار سے جو اعداد و شمار موجود ہیں ان کے مطابق مجلسی امیدوار چندرائن گٹہ اکبرالدین اویسی نے 53,700 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ کاروان کے مجلسی امیدوار نے 38,066 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ جعفر حسین معراج نے 19,700 کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ملک پیٹ امیدوار احمد بلعلہ نے 24000 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی درج کروائی۔ چارمینار امیدوار سید احمد پاشاہ قادری نے 36,610 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی سے ممتاز احمد خان نے 38000 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔