کئی حلقوں میں 15سے زائد امیدواروں کے مقابلہ سے جی ایچ ایم سی تشویش کاشکار
حیدرآباد /24اپریل(سیاست نیوز)۔عام انتخابات کی پولنگ کے دوران حیدرآباد میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی قلت کا سامنا ہوسکتاہے۔حیدرآباد کے کئی اسمبلی حلقوں میں 15سے زیادہ امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کوہر پولنگ بوتھس پر دوالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرناپڑرہاہے۔ حیدرآباد میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لئے 23سوالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کمی کا سامنا ہورہاہے۔حکام کا کہناہے کہ حیدرآباد کو23ہزارای وی ایم فراہم کیے گئے ہیں ۔ تاہم شہر کے کئی اسمبلی حلقوں میں 15سے زیادہ امیدوارمقابلہ کررہے ہیں۔ اس لئے شہر کے 15اسمبلی حلقوں اور دو لوک سبھا سیٹوں پرپولنگ کے لئے مزید 23 سو EVM`S درکار ہیں۔جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمارکا کہناہے کہ سکندرآباد لوک سبھا سیٹ سے 30امیدوارمقابلہ کررہے ہیںاور تمام امیدواروں کو ای وی ایم پر ایک بٹن فراہم کیاجانالازمی ہے۔ایک ای وی ایم مشین پرصرف 15 امیدواروں کو ایک بٹن آلاٹ کیا جاسکتاہے۔اس کے علاوہ اس مرتبہ ای وی ایم پر’’رائیٹ ٹو ریجکٹ ‘‘کے تحت NOTAکے لئے بھی ایک بٹن فراہم کیاجارہاہے۔اس لئے حیدرآباد میں EVMمشینوں کی کمی محسوس کی جارہی ہے۔جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار نے چیف الیکٹورل آفیسر بھنورلال کو گریٹرحیدرآباد کے لئے مزیدای وی ایم مشینیں فراہم کرنے کی سفارش کی ہے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی اس سلسلہ میں بھنورلال کو ایک مکتو ب بھی روانہ کیاہے ۔ حکام کا کہناہے کہ لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے دوسری ریاستوں سے بھی ووٹنگ مشینوں کی منتقلی کے امکانات بھی کم ہیںتاہم الیکشن کمیشن نے جی ایچ ایم سی حددو میں پولنگ کے لئے مزید ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کا یقین دلایاہے۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں عام انتخابات کے لئے 3ہزار 91 پولنگ بوتھس قائم کیے جائیں گے۔ ایک پولنگ بوتھ میں 16سو رائے دہندے حق رائے دہی کا استعمال کرینگے۔حیدرآباد کے تمام پولنگ بوتھس پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔حکام کاکہناہے کہ جی ایچ ایم سی حددو میں تمام پولنگ بوتھس پرپینے کے پانی کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی جبکہ پولنگ کے دوران دھوپ سے نجات کے لئے ووٹرس کوشلیٹرس فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے تمام پولنگ بوتھس کو صبح6تا 8بجے شب تک برقی سربراہی کے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔حکام کا کہناہے کہ اس مرتبہ کسی بھی جماعت کے پولنگ ایجنٹ کو پولنگ بوتھس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔جی ایچ ایم سی کا کہنا ہے اس مرتبہ جی ایچ ایم سی حددو میں 75فیصد سے زائد پولنگ ہونے کا امکان ہے۔حیدرآباد ضلع میںکل 39لاکھ 64ووٹرس ہیںاور شہر کے تمام اسمبلی حلقوں میں ووٹ کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعوربیدار کرنے کے لئے خصوصی مہم چلائی گئی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے حیدرآباداور سکندرآباد میں 75فیصد پولنگ کا نشانہ پورا کرنے کی کوشش کررہاہے۔جی ایچ ایم سی کے حکام کا کہناہے کہ شہر میں ووٹرسلپس کی تقسیم کا کام جاری ہے۔جی ایچ ایم سی سمیت مختلف محکموں کے ملازمین نے گھرگھرجاکر ووٹر سلیپ تقسیم کررہے ہیں۔حکام کاکہناہے کہ ووٹرSLIPحاصل کرنے کے لئے ووٹرہیلپ لائین نمبر 040-21111111پرربط کرسکتے ہیں۔