حیدرآباد 21 مئی ( یو این آئی) ٹکنالوجی کا بہتر استعمال کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے صدر دفتر میں کمانڈ کنٹرول سنٹر کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے تاکہ کئی پہلووں جیسے شہر میں راحت کاری اقدامات،ترقیاتی کاموں کی نگرانی کی جاسکے ۔اہم بات یہ ہے کہ یہ مرکز شہر میں موسم برسات کے دوران اہم رول ادا کرے گا اوراس کے ذریعہ صورتحال پر نگرانی رکھی جاسکے گی اور راحت کاری کام بھی کئے جاسکیں گے ۔حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے سروے لینس کیمروں کے ذریعہ نگرانی کا کام کیا جائے گا۔اس مرکز کا افتتاح امکان ہے کہ وزیربلدی نظم ونسق کے ٹی راماراو آئندہ چند دنوں میں کریں گے ۔جی ایچ ایم سی ،پہلا کارپوریشن ہوگا جو یہ سہولت شروع کرے گا۔اس سنٹر کے اسکرینس پر دکھائے جانے والے فوٹیج کو دیکھتے ہوئے ،افسرپانی کے بھرجانے کے علاقوں ،درختوں کے گرنے کے مقامات کادورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے سکتے ہیں اور ان علاقوں میں ان کاموں کی تکمیل بھی کی جاسکتی ہے ۔