گرین کارڈ ہولڈرس کا امریکہ میں داخلہ قومی مفاد میں : ہوم لینڈ سیکوریٹی

واشنگٹن ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یو ایس ہوم لینڈ سیکوریٹی سربراہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد جو گرین کارڈ کے حامل ہیں، امریکہ میں ان کا داخلہ ملک کے قومی مفاد میں ہوگا۔ یاد رہیکہ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق گرین کارڈ ہولڈرس کو امریکہ کے مختلف ایرپورٹس پر روک دیا گیا ہے جس نے پورے امریکہ میں تشویش کی لہر دوڑادی ہے کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ نے مسلمانوں کے خلاف ایک متنازعہ فیصلہ پر عمل آوری شروع کردی ہے۔ تاہم ہوم لینڈ سیکوریٹی سربراہ جنرل (ریٹائرڈ) جان کیلی نے کہا کہ صدر موصوف کے عاملہ کے فیصلہ پر اگر عمل آوری کی جائے تو میرا کہنا یہ ہیکہ امریکہ میں قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جانی چاہئے کیونکہ ایسا کرنا قومی مفاد کے مغائر ہوگا۔ یاد رہیکہ گرین کارڈ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی کی جانب سے ایسے لوگوں کیلئے جاری کیا جاتا ہے جو امریکہ میں پیدا نہیں ہوئے۔ تاہم ان کا مستقل قیام اور ملازمت امریکہ میں ہوتی ہے۔ گرین کارڈ دراصل کسی بھی شہری کے قانونی موقف کا ثبوت ہے کہ وہ امریکہ کا مستقل شہری ہے۔