شریمتی کے کویتا افتتاح کریں گی ‘ ذائقہ دار پکوانوں کا مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 22اگست ( سیاست نیوز) ادارہ ’’سیاست ‘‘ کے زیر اہتمام 23تا 25 اگست تین روزہ ’’ گرینڈ کاکتیہ سیاست کوکری شو ‘‘ کا خواجہ منشن فنکشن ہال روڈ نمبر 10بنجارہ ہلز پر اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ شریمتی کے کویتا منگل کو 10بجے دن خواجہ منشن میں اس کوکری شو کا افتتاح کریں گی ۔ اس افتتاحی تقریب میںچیف ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب زاہد علی خان ‘ منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خان اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان بھی شرکت کریں گے ۔ اس شو میں شرکت کے سینکڑوں خواہشمند اپنے رجسٹریشن کرواچکے ہیں ۔ شائقین کے بیحد اصرار پر منگل کی صبح بھی خواجہ منشن پر رجسٹریشن کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے ۔ دنیا بھر کے ذائقہ دار پکوانوں کے اس عظیم عالمی میلے میں خستہ بھٹے کے شامی ‘ زمین کے تحفے ‘دہی کباب ‘ مچھلی کباب ‘ کباب مرغ شیرین اور دیگر کئی اقسام کے ذائقہ دار کبابوں کی تیاری کے علاوہ لذیذ غذاؤں کے لئے شہرت یافتہ ماہر شف سے موسوم ’’ حبیبیہ چیمپ ‘‘ بنانے کے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ اس تین روزہ نمائش و تربیتی پروگرام میں آئی ٹی سی گرینڈ کاکتیہ لگژیری کلکشن سے وابستہ ماہر شفس کے تیار کردہ ہمہ اقسام کے ذائقہ دار ڈشیس پیش کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں وی ایس آر فوڈس ‘ تاتواکیسر اور دیگر اداروں کی طرف سے خاتون شرکاء میں تحفے پیش کئے جائیں گے ۔ چنانچہ دلچسپی رکھنے والی خواتین اور لڑکیوں سے مقررہ وقت سے قبل موجود رہنے کی اپیل کی گئی ہے ۔