حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ کو دونوں امیدواروں کی انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دیگر وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور قائدین کے ساتھ پارٹی امیدواروں دیوی پرساد اور راجیشور ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی اور کڈیم سری ہری کے علاوہ دیگر وزراء بھی انتخابی مہم میں مصروف ہوچکے ہیں۔ ٹی آر ایس امیدواروں کو بی جے پی اور تلگو دیشم کے مشترکہ امیدواروں سے سخت مقابلہ درپیش ہے جبکہ کانگریس پارٹی نے بھی دونوں حلقوں کیلئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ پارٹی کے طئے شدہ پروگرام کے مطابق کے ٹی راما راؤ اور دیگر قائدین 5 تا 19 مارچ حیدرآباد ، محبوب نگر اور رنگا ریڈی پر مشتمل گریجویٹ حلقے میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ انتخابی مہم کے تحت محبوب نگر ، حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے تمام منڈلوں میں گریجویٹ رائے دہندوں کے اجلاس منعقدکئے جائیں گے ۔ متعلقہ ارکان پارلیمنٹ ، ضلع پریشد صدور نشین ، ارکان اسمبلی و کونسل اور جے اے سی قائدین بھی اس مہم میں حصہ لیں گے۔ 3 تا 18 مارچ حیدرآباد کے مختلف کالجس میں گریجویٹ رائے دہندوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے جن میں سیف آباد پی جی کالج ، نظام کالج ، اے وی کالج ، سکندرآباد پی جی کالج ، جے این ٹی یو کوکٹ پلی ، کوٹھی ویمنس کالج اور عثمانیہ یونیورسٹی شامل ہیں۔