گریجویٹس سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں

تلنگانہ میں 20 ہزار خاتون سکیورٹی گارڈس
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں 20 ہزار خاتون سکیورٹی گارڈس ہیں۔ 80 ہزار نوجوان گریجویشن کرنے کے بعد دوسری کوئی نوکری نہ ملنے پر سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ یہ بات سی بھاسکر ریڈی منیجنگ ڈائرکٹر ایکسیل سکیورٹی سرویس نے بتائی۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی زائداز 8 سو سکیورٹی ایجنسیوں میں جملہ 2 لاکھ سکیورٹی گارڈس کام کررہے ہیں۔ نوجوان خاص کر گریجویٹس اور انڈر گریجویٹس اے ٹی ایم سنٹرس پر سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کرنے ہم سے رجوع ہورہے ہیں۔ اس طرح وہ نائٹ شفٹ میں پڑھائی جاری رکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایسے نوجوانوں کو ہم ملازمت فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پرائیوٹ سکیورٹی قانون کے تحت کسی گارڈ کی ماہانہ تنخواہ 15 ہزار روپئے سے  کم نہیں ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پرائیوٹ سکیورٹی کی مانگ بڑھ گئی ہے۔