گرو گوبند سنگھ کی یوم پیدائش تقاریب کے سلسلہ میں آج وشال دیوان

سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ کے زیراہتمام نظام کالج گراؤنڈ پر بڑا اجتماع
حیدرآباد 24 ڈسمبر (پریس نوٹ) آخری سکھ گرو سری گوبند سنگھ کی 351 ویں یوم پیدائش تقاریب کے سلسلہ میں سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ کی پربندھک کمیٹی کی جانب سے 25 ڈسمبر کو وشال دیوان (بڑا اجتماع) نظام کالج گراؤنڈ، بشیر باغ پر منعقد کیا جائے گا۔ پربندھک کمیٹی کے صدر ایس اندر سنگھ اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے کہاکہ نظام کالج گراؤنڈ پر وشال دیوان صبح 10 تا 4 بجے شام منعقد ہوگا جس میں 25 تا 30 ہزار سکھ اور دوسری کمیونٹی کے افراد شرکت کریں گے۔ اس ایونٹ میں مشہور راگی جتھے گربانی کیرتنس پیش کریں گے جنھیں ملک کے مختلف مقامات سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے جو شاہ باد کیرتنس پیش کریں گے۔ اس اجتماع کے اختتام پر شرکاء کے لئے گرو کا لنگر (فری کمیونٹی کچن) کا اہتمام کیا جائے گا۔