نئی دہلی۔9 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سنیماکو نئی جہت بخشنے والے فلمساز گرودت نے فلم "پیاسا "اور "کاغذ کے پھول” جیسی فلموں میں رومانی، المیہ اور شاعری کا حسین امتزاج پیدا کرکے معاشرے پر مثبت اثرات قائم کرنے میں بہترین کردار ادا کیاہے ۔گرودت کی پیدائش 9 جولائی 1925 کو بنگلور میں ہوئی تھی تاہم انہوں نے تعلیم کلکتہ میں حاصل کی۔محض 20 برس میں وہ ایک اسسٹنٹ بحیثیت ڈائرکٹر فلمی دنیا میں داخل ہو چکے تھے ۔ جہاں انہیں گیان مکرجی اور امیہ چکروتی جیسے ہدایتکاروں کیساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
گرو دت نے اپنے فلمی کیرئر کا آغاز ایک ڈانس ڈائریکٹر کی حیثیت سے مشہور پربھات اسٹوڈیو میں فلم لاکھا رانی سے کیا۔ اُنہوں نے 1942ء سے 1944ء تک اُستاد اُدھے شنکر کی المورا ڈانس اکیڈمی میں تربیت حاصل کی تھی۔فلموں میں اپنے کیرئر میں اُنہوں نے بطور اداکار کُل 17 فلموں میں کام کیا اور اُن میں سے 8 فلمیں انہوں نے خود ڈائریکٹ کیں اور یہی فلمیں اُن کی سب سے بہترین فِلمیں بھی ثابت ہوئیں۔ ان کی مشہور فلموں ‘صاحب، بیوی اور غلام’ اور ‘چودہویں کا چاند’ جو انہوں نے خود ڈائریکٹ نہیں کیں، کو بے مثال کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔