گروگرام میں ایک مسلمان کو جئے شری رام اور بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانے کیلئے مجبور کیا گیا

گروگرام ۔ /26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) 25 سالہ مسلم نوجوان کو جو مسجد سے نماز تراویح کے بعد گھر واپس ہورہے تھے کو مبینہ طور پر حملہ کرکے نشانہ بنایا گیا اور ان کی ٹوپی چھین لی گئی ۔ گروگرام کے صدر بازار علاقہ میں چند نامعلوم افراد کے گروپ نے انہیں روک کر جئے شری رام اور بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگانے کیلئے مجبور کیا گیا ۔ پولیس نے کہا کہ اس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایک کیس رجسٹر کیا ہے لیکن اتوار کی شام تک کوئی بھی گرفتاری عمل نہیں لائی گئی ۔ تاہم ایف آئی آر میں نعرے لگانے کیلئے زبردستی کئے جانے کی وضاحت نہیں کی گئی ۔ متاثرہ مسلم نوجوان محمد برکت عالم نے کہا کہ وہ بہار میں بیگوسرائے سے 15 دن قبل یہاں پہونچے تھے اور صدر بازار میں واقع جامع مسجد میں نماز تراویح ادا کررہے تھے ۔ اسی رات یہ واقعہ پیش آیا ۔ 4 افراد ایک موٹر سائیکل پر ان کے قریب پہونچے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی ۔