گروکل میں ٹیچرس کی5334 جائیدادوں پر تقرات

جولائی کے پہلے ہفتہ میں اعلامیہ،اقلیتی بہبود کیلئے 1279 جائیدادیں
حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے گروکل ( رہائشی ) تعلیمی اداروں میں 5334 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے ماہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں نوٹیفکیشن ( اعلامیہ ) جاری کرنے کا ٹی ایس آر آر بی نے فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ ہندی پوسٹس کے تعلق سے چونکہ کورٹ میں کیس زیر دوران ہے تازہ اعلامیہ میں بعض شرائط عائد کی جائیں گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے اب تک 7,300 گروکل ( ریسیڈنشیل ) اسکولس ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے باقاعدہ تحریری امتحان کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے ان کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے تقریباً 6 ہزار جائیدادوں کیلئے امیدواروں کا انتخاب کرکے منتخبہ امیدواروں کے ناموں پر مشتمل فہرست بھی جاری کی گئی ہے جبکہ ان میں ہندی پنڈت جائیدادوں سے متعلق دیگر ریاستوں کے تعلیمی اداروں سے حاصل کردہ چند تعلیمی سرٹیفکیٹس کو مسترد کرکے قبول نہیں کئے گئے جس کے پیش نظر امیدواروں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور فی الوقت کیس زیر تصفیہ ہے۔ مختلف محکمہ جات کے گروکل ( اقامتی ) تعلیمی اداروں میں پائی جانے والی جملہ 5334 جائیدادوں کے منجملہ محکمہ سوشیل ویلفیر گروکل ( اقامتی )اسکولس میں 1863 ، محکمہ بہبود پسماندہ طبقات میں 628 جائیدادیں اور گروکلا ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنس میں 55جائیدادیں شامل ہیں۔