حیدرآباد۔ /27 جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گروپ II جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے سابق میں جاری کردہ اعلامیہ کو منسوخ کرنے کی تجویز تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے زیر غور ہے اور اس طرح گروپ II کی تمام جائیدادوں کیلئے از سر نو اعلامیہ جاری کئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے۔ ٹی ایس پی ایس سی کے باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس مسئلہ کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذمہ داروں نے تفصیل سے جائزہ لیا اور سمجھا جاتا ہے کہ سابق میں گروپ II کیلئے جاری کردہ اعلامیہ کے تحت صرف 434 مختلف زمرہ کی ائیدادیں شامل تھیں۔ لیکن حکومت نے گذشتہ دنوں مزید 593 جائیدادوں پر گروپ II کے تحت تقررات عمل میں لانے کی منظوری دینے کے پیش نظر اب جملہ 1027 گروپ II جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے از سر نو ایک ہی اعلامیہ جاری کرنے کا تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ارادہ رکھتا ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس سلسلہ میں عاجلانہ طور فیصلہ کرکے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
ایمسیٹ II پرچہ سوالات کا افشاء
تین افراد گرفتار ، سی آئی ڈی
حیدرآباد۔/27جولائی، ( آئی این این) تلنگانہ سی آئی ڈی نے ایمسیٹ II پرچہ سوالات کے افشاء کی توثیق کی ہے۔ ایجنسی نے بتایا کہ اس افشاء سے تقریباً 30 طلباء کو فائدہ ہوا۔ سی آئی ڈی نے اس سلسلہ میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں جے این ٹی یو کے 2 اسٹاف ارکان بھی شامل ہیں۔
ایر انڈیا میں عنقریب تقررات
حیدرآباد۔ /27جولائی، ( پی ٹی آئی) ایر انڈیا میں تقریباً 500 پائیلٹس اور 1500 سے زائد کیبن عملے کا آئندہ دو تا تین سال کے دوران تقرر عمل میں آئے گا۔ ایر انڈیا کے جنرل منیجر ( آپریشنس ) این سیوا راما کرشنن نے بتایا کہ توسیعی منصوبہ کے تحت ایر انڈیا کی پروازوں میں کافی اضافہ ہوگا۔ اسی مناسبت سے ہمیں مزید پائیلٹس اور عملہ کی ضرورت ہوگی۔