گروپ IIجائیدادوں پر تقررات میں انٹرویو کا طریقہ ختم کیا جائے

چیف منسٹر پر بیروزگار نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام ـ ‘ او یو جے اے سی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ II جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے انٹرویو لینے کے طریقہ کار کو ختم کرنے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایم رائے نے کہا کہ طلباء و بے روزگار نوجوانوں کے درپیش مسائل کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نہ صرف بالکلیہ طور پر نظر انداز کررہے ہیں بلکہ کوئی توجہ ہی نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا کہ صرف برائے نام ملازمتوں کی فراہمی کے نام پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وہ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ مسٹر رائے نے حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کم از کم ایک لاکھ ملازمتوں کے لیے اعلامیہ جاری کرنے کا چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ سے پر زور مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں تلنگانہ طلباء کے ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس جلسہ میں شرکت کرنے کے لیے نائب صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا ۔ مسٹر رائے نے حکومت سے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دینے کی پر زور اپیل کی ۔۔