گروپ کے تحت عنقریب چھ ہزار جائیدادوں پر تقرراتIVو III گروپ

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے تیاریوں کا آغاز، میڈیکل و ٹکنیکل جائیدادوں کی شمولیت متوقع
حیدرآباد 3 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا آغاز کرنے کیلئے بہت جلد مزید 6 ہزار جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور ان جائیدادوں میں زیادہ تر گروپ III اور گروپ IV زمرہ کی جائیدادوں کے علاوہ اسٹاف نرسیس، ٹکنیکل پوسٹس شامل رہنے کی اطلاعات ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ مختلف محکمہ جات میں تقررات کے عمل کو تیز تر بنانے کے ایک حصہ کے طور پر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) بھی توسیعی اقدامات کررہی ہے اور جائیدادوں پر تقررات جلد سے جلد عمل میں لانے کے مقصد سے کس محکمہ میں کتنی جائیدادیں مخلوعہ ہیں، مکمل تفصیلات کے حصول کیلئے ان محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی ٹاسک فورس نے ایک اجلاس طلب کیا اور ٹاسک فورس نے ایک ہفتہ میں مخلوعہ جائیدادوں کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ روانہ کرنے کی تمام متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ اسی ذرائع کے مطابق تقریباً 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اب تک ہی محکمہ فینانس کی جانب سے منظوری دے دی گئی۔ جس کی روشنی میں گزشتہ تین چار دنوں سے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ٹاسک فورس توسیعی اجلاس طلب کرکے تفصیلی بات چیت کرنے میں مصروف ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے تعلق سے 15 اگسٹ کے موقع پر گولکنڈہ قلعہ میں منعقدہ یوم آزادی تقریب کے موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے ایک اہم ترین اعلان کیا تھا اور اس اعلان کی روشنی میں ہی اب تک ہی مختلف محکمہ جات کے ذریعہ چھ ہزار مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات ٹی ایس پی ایس سی ٹاسک فورس نے اکٹھا کی ہے لہذا بہت جلد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے ان چھ ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے متعلق اعلامیہ جاری کرنے کا قوی امکان ہے۔ علاوہ ازیں اس دوران دیگر محکمہ جات سے بھی مخلوعہ جائیدادوں سے متعلق تفصیلات حاصل ہونے پر ان جائیدادوں پر بھی تقررات عمل میں لانے کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے بہت جلد 8,792 اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے سے متعلق اعلان کیا گیا تھا لیکن مذکورہ اساتذہ کی جائیدادوں کیلئے ابھی تک نہ ہی حکومت سے کوئی واضح ہدایات وصول ہوئیں اور نہ ہی محکمہ فینانس کی جانب سے کوئی منظوری حاصل ہوئی جس کی وجہ سے ریاستی محکمہ تعلیم کے سواء دیگر محکمہ جات کی جانب سے ایک ہفتہ میں تمام مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا تحریری طور پر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو تیقن دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔