درجہ حرارت 45 ڈگری سلسئیس تک پہونچنے کے اندیشے
حیدرآباد 21 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے کئی علاقوں میں آئندہ دو دن کے دوران بھی گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سلسئیس کے آس پاس جاسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کچھ حصوں میں گرج چمک کی بھی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ کے ایک بلیٹن کے بموجب عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ نرمل ‘ کمارم بھیم آصف آباد ‘ جگتیال ‘ منچریال ‘ پیدا پلی ‘ کریمنگر اور ورنگل اضلاع میں گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے ۔ علاقائی موسمیات سنٹر چینائی کی ایک وارننگ کے بموجب تلنگانہ کے شمالی اضلاع میں درجہ حرارت آئندہ دو دن کے دوران 45 ڈگری سلسئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔ ریاست کے کچھ علاقوں میں پہلے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج راماگنڈم ‘ نظام آباد اور عادل آباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ کل کھمم ‘ کتہ گوڑم ‘ محبوب آباد ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ منچریال ‘ پیدا پلی اور ورنگل اضلاع میں کل کچھ مقامات پر گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔