گرمی کی لہر سے فوت ہونے والوں کی تعداد 500سے متجاوز

دونوں ریاستوں میں شدید موسم ‘ 48گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کا امکان
حیدرآباد۔25مئی ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں جاری شدید ترین گرمی کی لہر کے نتیجہ میں فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 500 سے زائد ہوگئی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی اسپیشل کمشنر سدابھارگوی نے کہا کہ تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر اور لُو لگنے کے واقعات کے سبب 15اپریل سے تاحال 215 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ آندھراپردیش میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی اسپیشل کمشنر تلسی رانی نے کہا کہ آندھراپردیش میں گرمی کی لہر سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد آج شام 302 تک پہنچ گئی ۔ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی اطلاعات جمع کی جارہی ہیں ۔ دونوں ریاستوں کے اکثر مقامات پر گذشتہ چار دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس رہا ۔ محکمہ موسمیات کے ایک بلیٹن کے مطابق نلگنڈہ اور کھمم میں درجہ حرارت 45ڈگری سلسیس رہا۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پانی اور چھاچھ کی مفت تقسیم کیلئے کیمپس قائم کئے جائیں تاکہ عوام کو شدید گرمی اور لُو سے محفوظ رکھنے میں مدد کی جائے ۔ نائیڈو نے عوام سے اپیل کی کہ کوئی خاص ضرورت نہ ہونے کی صورت میں وہ 11بجے دن تا شام 4.30 بجے اپنے گھرو سے باہر نہ نکلیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے دونوں ریاستوں میں آئندہ دو دن تک گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران اے پی اور تلنگانہ کے بعض مقامات پر گرج چمک اور ہواؤٰں کے ساتھ ہلکی یا اوسط بارش بھی ہوسکتی ہے ۔