حیدرآباد۔/27مئی، ( پی ٹی آئی ) ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور لو لگنے سے مرنے والوں کی تعداد1360 ہوگئی ہے۔ تلنگانہ میں کل سے جملہ 94 اموات ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد 340 ہوگئی جبکہ آندھرا پردیش میں 1020 افرادگرمی کا شکار ہوئے۔ ڈائرکٹر میٹرولوجیکل سنٹر حیدرآباد مسٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ گرمی کی یہ لہر تلنگانہ میں مزید دو دن اور ساحلی آندھرا میں تین دن جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے کے سبب یہ اموات ہورہی ہیں۔ آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم میں سب سے زیادہ 202 اموات ہوئی ہیں۔ اس طرح تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں سب سے زیادہ 99اموات ہوئی ہیں۔کھمم میں 72افراد فوت ہوگئے۔اسی دوران بیگم پیٹ کے علاقہ میں لو لگنے کے سبب ایک شخص فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27سالہ نرسمہلو کل پیدل گذر رہا تھا کہ شدید لولگنے کے سبب اس کی صحت خراب ہوگئی اور اسے فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ اعظم ترین درجہ حرارت 43 ڈگری سلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔
حیدرآباد۔/27مئی ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، رنگاریڈی، ورنگل، کھمم، نلگنڈہ، نظام آباد اور کریم نگر میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ساحلی آندھرا کے اضلاع مشرقی گوداوری، مغربی گوداوری ، کرشنا، گنٹور، پرکاشم اور نیلورمیں گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے پیش قیاسی کی کہ علاقہ تلنگانہ کے چند مقامات پر ہلکی سے اوسط درجہ کی بارش یا بوندا باندی ہوگی۔ اضلاع کریم نگر، عادل آباد، رنگاریڈی، ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ میں گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف واکناف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ درجہ حرارت 31تا43ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔