گرمی کی لہر ، اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ میں توسیع کی ضرورت

یکم جون سے اسکولوں کے آغاز پر طلبہ اور سرپرستوں میں تشویش
حیدرآباد۔28 مئی (سیاست نیوز) شہر میں گرمی کی بڑھتی شدت اور ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت کے 45سے تجاوز کرجانے کے باعث پیدا شدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت کو اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ میں تبدیلی لانی چاہئے کیونکہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ یوم تاسیس کے پیش نظر ریاست میں یکم جون سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست بھر میں اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی تنظیموں کی جانب سے حکومت سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ میں توسیع دیتے ہوئے اسے 15 جون کردیں یا اس کے بعد کی کوئی تاریخ کا اعلان کرے کیونکہ اتنی شدید گرمی میں بچوں کو اسکول روانہ کرنا ان کی صحت کیلئے بہتر نہیں ہوگا اور اس کے علاوہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے اس پیش قیاسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ میں ترمیم کرتے ہوئے گرمائی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کرنا چاہئے کیونکہ گرمی کی شدت کے دوران اگر اسکولوں کی کشادگی عمل میں آتی ہے تو اس کے مضر اثرات بچوں کی صحت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیمو ںکی جانب سے بھی حکومت کو یادداشت پیش کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ میں توسیع کی جائے کیونکہ شہر اور ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور آئندہ دنوں میں مزید اضافہ کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق یکم جون سے اسکولو ںکی کشادگی عمل میں لائی جانی ہے اور اس فیصلہ سے ریاست کے بیشتر اسکولوں کے ذمہ داروں کو اتفاق نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ سرکاری احکامات کے مطابق اسکول کی کشادگی کی تیاری کر رہے ہیں اور بعض خانگی اسکولوں کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی میں تاخیر کا اپنے طور پر فیصلہ بھی کیا جا چکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس فیصلہ کا مقصد صرف طلبہ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرنا ہے کیونکہ دھوپ کی شدت میں اضافہ کے دوران اسکولوں کی کشادگی کسی بھی اعتبار سے درست نہیں ہوتی ۔ سرکاری اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے جو احکام ہیں ان کے مطابق ہی انہیں اسکول کی کشادگی کرنے پڑتی ہے لیکن اگر حکومت کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ کی بنیاد پر یکم جون سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا ہے تو حکومت 2جون کو یوم تاسیس کے بعد تعطیلات کو جاری رکھنے کا اعلان کرسکتی ہے ۔ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کے علاوہ بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے ذمہ داروں کی جانب سے کی گئی اپیل پر عمل کیا جاتا ہے تو ریاست میں اسکولوں کی کشادگی عیدالفطر کے بعد ہی عمل میں لائی جائے گی۔