اعلیٰ حکام کی ہدایت پر برقی کٹوتی کی توثیق، عوام کو راحت پہونچانے کے بجائے برقی خرچ میں تخفیف
حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی محکمہ برقی کی جانب سے غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور اِس بات کی بالواسطہ طور پر توثیق کی جانے لگی ہے کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر برقی کٹوتی کی جارہی ہے چونکہ برقی پیداوار اور کھپت میں تفاوت پیدا ہونے کے خدشات کے پیش نظر یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں رات دیر گئے تین تا چار گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جارہی ہے اور یہی حال نئے شہر کے بھی کئی علاقوں کا ہوچکا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب اعلیٰ حکام نے ماتحتین کو اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ برقی کٹوتی کے ذریعہ کھپت میں کمی کو یقینی بنائیں۔ چونکہ پیداوار اور طلب میں تفاوت پیدا ہونے کی صورت میں ریاست بھر میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اسی لئے گرمی کی شدت کے باوجود بھی برقی کٹوتی کے ذریعہ برقی کھپت میں کمی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کو فاضل برقی پیداوار والی ریاست بنانے تک شہریوں کو اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ شہر حیدرآباد میں برقی کی طلب میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع ہے اور کہا جارہا ہے کہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں زبردست اضافہ کے سبب برقی کے استعمال میں بھی کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اسی لئے مزید ایک ہفتہ تک غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں برقی کٹوتی کی شکایت عام ہوتی جارہی ہے جبکہ نئے شہر کے بھی بعض علاقوں میں روزانہ برقی سربراہی مسدود کرتے ہوئے طلب کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن محکمہ برقی اور حکومت کے اِس اقدام سے شہریان حیدرآباد کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گزشتہ دو یوم سے پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں وولٹیج میں کمی کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے اقدامات کے بجائے برقی سربراہی میں کٹوتی کے ذریعہ برقی خرچ میں کمی پر توجہ مبذول کی جارہی ہے۔