گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کا اندیشہ

حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دیکھی گئی گرمی کے تمام ریکارڈس اس مرتبہ ٹوٹ جائیں گے۔ جاریہ موسم گرما میں گرمی کی شدت مزید قہر بپا کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر وائی کے ریڈی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریاست میں گرمی کی لہر مارچ میں کبھی شروع نہیں ہوا کرتی تھی، لیکن اس مرتبہ ماہِ مارچ میں ہی گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے اور یہ سلسلہ جون کے اوائل تک جاری رہے گا۔ موسم گرما کے دوران مزید 2 ڈگری کا اضافہ درج کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر محکمہ موسمیات کے بموجب گرمی کی شدت کا اثر زمین پر بھی ہوگا اور سطح آب میں کمی واقع ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ گزشتہ موسم باراں کے دوران ناکافی بارش کے سبب زیر زمین سطح آب میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کچھ ٹھنڈی ہوائیں محسوس کی گئی لیکن آئندہ چند ہفتوں کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔