گرمی کی شدت سے بچنے ٹریفک پولیس کو کٹس کی تقسیم

بہترین کارکردگی پر انعامات و ایوارڈس ، کمشنر پولیس سائبرآباد سجنار کا خطاب
حیدرآباد /2 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ پولیس میں بہتر خدمات کی انجام دہی کیلئے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر آف پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں کمشنریٹ میں منعقدہ ایک پروگرام کو مخاطب کیا ۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس میں خصوصی کٹس تقسیم کئے گئے ۔ موسم گرما کے پیش نظر ٹرافک پولیس میں کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ایک جوتوں ، پانی کی بوتل ، سن گلاسیس ، ماسک اور گلوکوز کے پاڈر پر مشتمل اشیاء کو کٹس میں فراہم کیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس نے ان کٹس کی تقسیم کے بعد ٹریفک پولیس ملازمین میں بہترین خدمات انجام دینے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ کوکٹ پلی ٹریفک پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو ہوم گارڈز جہانگیر پٹیل اور بی گوپال کے علاوہ 4 خواتین کانسٹیبل کو بھی انعامات دئے گئے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ملازمین کو ڈسپلین کے ساتھ خدمات انجام دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ملازمین دھوپ ، بارش اور موسم کی تبدیلی کی پرواہ کئے بغیر خدمات انجام دیتے ہیں ۔ ایسے میں ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں ۔ کمشنر پولیس سجنار نے پولیس ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ صحت اور خدمات دونوں کو ساتھ لیکر چلیں ۔ ساتھ میں انہوںنے پولیس ملازمین کو مشورہ دیا کہ ان کو اگر کوئی محکمہ جاتی مسائل ہوں تو راست ان سے رجوع کریں ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس نے تبادلہ ٹریفک ڈی سی پی مسٹر اے آر سرینواس کی خدمات کی ستائش کی اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔