حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور مرنے والوں کی تعداد 223 ہوگئی ہے ۔ تیز گرمی کی وجہ سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی اور آج بھی عوام نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی ۔ سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں اور تجارتی سرگرمیاں بھی نہیں دیکھی گئی ۔ ریونیو سکریٹری بی آر مینا نے بتایا کہ آج شام موصولہ اطلاع کے مطابق تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں مرنے والوں کی تعداد 128 ہوچکی ہے ۔ آندھرا پردیش کے محکمہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ ریاست بھر میں آج 15 افراد فوت ہوئے اس طرح آندھرا پردیش میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 95 ہوگئی ہے ۔ یہ ہلاکتیں آندھرا پردیش میں 18 مئی سے آج شام تک اور تلنگانہ میں 15 اپریل سے اب تک کی ہیں ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ گرمی کی لہر سے ریاست میں تقریبا 100 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھوپ سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور حکومت اموات کو کم کرنے کے لیے ممکنہ احتیاطی اقدامات کررہی ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس ایک لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے تمام ریاستی عہدیداروں اور تلگو دیشم پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ کیمپس قائم کریں جہاں پینے کے پانی اور بٹر ملک کا انتظام کیا جائے ۔ عام آدمی کو یہ سہولت فراہم کرتے ہوئے سن اسٹروک کے واقعات کو روکا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے گرمی سے بچنے کے لیے بیداری مہم چلانے کی بھی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے موسم گرما کے دوران 11 بجے تا 4 بجے گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گزشتہ چند دن سے کئی مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری کے آس پاس ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ، ورنگل ، حیدرآباد ، کھمم ، محبوب نگر، نلگنڈہ ، نظام آباد اور کریم نگر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے ۔ بعض مقامات پر درجہ حرارت 47 ڈگری تک بھی پہنچ چکا تھا ۔ گرمی سے بری طرح متاثر ہونے والوں میں غریب اور محنت کش طبقہ ہے ۔ آندھرا پردیش کے اضلاع کرشنا ، گنٹور ،نیلور ، پرکاشم ، مشرقی و مغربی گوداوری میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ شہر حیدرآباد اور مضافات میں درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس ہوسکتا ہے ۔ آج نندی گاما میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔