بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے مسلسل اقدامات کرنے محکمہ برقی کے عہدیداروں کا دعوی
حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) گرمی کی شدت اور برقی سربراہی میں خلل شہریوں کے لئے مشکلات کا سبب بننے لگا ہے اور محکمہ برقی کا ادعا ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات میں محکمہ برقی کو بڑی حد تک کامیابی بھی حاصل ہو رہی ہے۔ دونوں شہروں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی محکمہ برقی نے مؤثر سربراہی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں لیکن ان اقدامات کے باوجود برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل سے عوام کی مشکلات و پریشانیوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہر کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ برقی سربراہی میں خلل کی سب سے زیادہ شکایات بنجارہ ہلز‘ جوبلی ہلز‘ مادھا پور ‘ نامپلی‘ ٹولی چوکی ‘ حکیم پیٹ اور دیگر علاقوں سے وصول ہورہی ہیں ۔ ان علاقوں میں موجود تجارتی مراکز اور گھروں میں جنریٹر یا برقی انورٹرس کی موجودگی کے سبب انہیں برقی سربراہی میں ہونے والے خلل کے متعلق کم پتہ چل رہا ہے لیکن جن لوگوں کے پاس یہ سہولت موجود نہیں ہے انہیں شدید مشکلات کا سمنا کرنا پڑ رہا ہے۔پرانے شہر کے ان علاقوں میں جو رنگاریڈی ‘ شیورام پلی‘ راجندر نگر‘ شمس آباد‘ مہیشورم اور دیگر علاقوں میں آتے ہیں ان علاقوں کے مکینوں کی شکایات کئی گھنٹوں تک سنی نہیں جا رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ ان علاقوں کا حیدرآباد میں نہ ہونا ہے۔ ایرہ کنٹہ‘ صلالہ‘ شاہین نگر‘ بندلہ گوڑہ‘ شیورام پلی‘ کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں برقی عملہ کی جانب سے سست رفتار کاروائی عوام کیلئے تکلیف کا سبب بن رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر کے اطراف آباد ہونے والی آبادیوں میں جو مسائل کا سامنا محکمہ برقی کو ہے ان سے نمٹنے کیلئے نئے سب اسٹیشن کی تعمیر سب سے اہم ہے جس سے نمٹنا ناگزیر ہے۔ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کے وسعت حاصل کرجانے کے سبب یہ مشکلات پیش آرہی ہیں اور ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جا چکی ہے لیکن اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سرکاری منظوری کا انتظار ہے۔ موسم گرما میں بلا وقفہ برقی سربراہی میں ہونے والی مشکلات کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں ہونے والے طلب میں اضافہ کے سبب شہر کے مضافاتی علاقوں میں یہ مشکلات پیش آرہی ہیں لیکن متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو ممکن بنانے اور کسی بھی برقی منقطع ہونے کی شکایت پر فوری کاروائی کرتے ہوئے برقی بحالی کے اقدامات کئے جائیں ۔